ریکٹر نسٹ کی نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرذوالفقار چیمہ سے ملاقات

اسلام آباد (اے پی پی) پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اعلیٰ تربیت کی فراہمی کے حوالے سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے مابین تعاون اور اشتراک بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں نسٹ کی ٹیم، نیوٹیک کے سینئر افسران اور متعلقہ حکام بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ نیوٹیک ملک کے لاکھوں بیروزگار نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور ان کو ایسے فنون میں تربیت فراہم کررہا ہے جس سے نہ صرف وہ اپنا ذاتی کاروبار شروع کرسکتے ہیں بلکہ انڈسٹری اور مختلف اداروں میں باآسانی ملازمتیں بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اجلاس میں ہنرمند نوجوانوں کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے جیسے مشترکہ مقاصد اور اشتراک کو فروغ دینے پر تبادل�ۂ خیال کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر)نوید زمان نے نیوٹیک کے نوجوانوں کو مالی طور پر مضبوط بنانے اور روزگار فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہااور ٹریننگ کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے میں نیوٹیک کے ساتھ اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا ۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو نسٹ میں سولر انرجی سے متعلق ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔