پانچویں جماعت کے امتحانات شروع،510 امتحانی سنٹرز حساس قرار


لاہور( لیاقت کھرل) صوبے بھر میں آج سے پانچویں کے سالانہ امتحانات شروع ہو رہے ہیں، جس میں 22 لاکھ 67 ہزار 502 طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 2800 سے زائد امتحانی سنٹرز ( کلسٹر سنٹرز) بنائے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں آج سے پانچویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلہ میں 10 فروری سے آٹھویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں۔ لاہور میں 495 امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں جس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔ امتحانی مراکز کے اردگرد کی سیکیورٹی پولیس اور حساس اداروں کے سپرد کی گئی ہے اور اس میں لاہور سمیت فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی سمیت سرگودھا کے اضلاع میں510 ایسے امتحانی سنٹرز ہیں جنہیں سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان امتحانی سنٹروں کی سیکیورٹی کمانڈو پولیس اور حساس اداروں کے حوالے کی گئی ہے جبکہ امتحانی سنٹروں کے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لئے تھانوں کی سطح پر پولیس کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے جس میں پیرو فورس کی گاڑیاں اور محافظ فورس کے اہلکار گشت بھی کریں گے۔ اس سلسلہ میں پنجاب ایگزامنیشن کمیشن ( پیک) کی انتظامیہ نے آئی جی پولیس اور سپیشل برانچ کی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے الگ الگ خطوط ارسال کر رکھے ہیں۔ دوسر ی جانب پیک کے دفاتر میں رول نمبرز سپلیں اور امتحانی سنٹروں بارے معلومات کے لئے گزشتہ روز اتوار کے دن زبردست رش رہا ہے جس پر طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ انہیں رول نمبرز سلپیں جاری نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی انہیں امتحانی سنٹوں کے بارے کسی قسم کی اطلاع دی گئی ہے جس کے باعث وہ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، جبکہ پیک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام طلباء و طالبات کو رول نمبرز سلپیں جاری کی گئی ہیں، اس میں امتحانی سنٹروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس میں گزشتہ کئی دنوں سے کسی قسم کی بھی دشواری پر طلباء و طالبات کو اخبارات کے ذریعے مطلع کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اِکا دُکا شکایات ہیں جن کو دور کیا جا رہا ہے۔