بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ صحت مند انہ ماحول کی فراہمی ناگیریز ہے عاطف خان

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے اس لئے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تمام سرکاری سکولوں میں پلے ایریاز قائم کررہی ہے جبکہ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق ہرنئے سکول میں پلے ایریا کے قیام کو لازمی قرار دیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز گورنمنٹ گرلز پرائمرسکول سردار گڑھی پشاورمیں پلے ایریا کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم ،ڈائریکٹرسکولز رفیق خٹک اور ڈی ای او (زنانہ) پشاور بھی موجودتھیں ۔وزیر موصوف نے ایک سادہ مگرپروقار تقریب میں پلے ایریا کا افتتاح کیا اوربچوں کے ساتھ گل مل گئے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آج بچیوں کے ہنستے مسکراتے چہرے دیکھ کر دلی خوشی اورسکون ملا ہے اوراسے بچوں کے لئے حکومت کی طر ف سے یہ ایک بڑا تخفہ قراردیا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے سرکاری سکولوں میں پلے ایریا زنہیں ہواکرتے تھے لیکن موجودہ حکومت نے بچوں کی صحت کے پیش نظر تمام سکولوں میں پلے ایریازبنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب تک 2 ہزار 6 سوپرائمری سکولوں میں پلے ایریا ز بناچکے ہیں جبکہ اگلے دو سالوں کے دوران مزید ساڑھے 7 ہزار سکولوں میں پلے ایریاز تعمیرکریں گے ۔عاطف خان نے کہاکہ موجودہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سرکاری سکولوں کوبہتر سے بہتر بناکر بچوں کے لئے پر کشش بنائے اورغریب کے بچوں کو بھی ان کے دہلیزپر مفت معیار ی تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے ۔ان کاکہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی تعلیم کے بغیر نہیں آسکتی اس لئے ہماری حکومت کی مکمل توجہ تعلیم کے اس اہم شعبے پر مرکوز ہے اوراس کے لئے ریکارڈ ایک کھرب روپے سے زیادہ کا بجٹ مختص کیاہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے 43 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اب تک اس مد میں 16 ارب روپے خرچ کرکے 29 ہزار میں سے 15 ہزار سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرچکے ہیں۔