پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں کیساتھ وابستہ ہے‘رانا مشہود احمد

لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم ، امور نوجوانان و سیاحت رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ وابستہ ہے۔ طلبہ خو د احتسابی کرتے ہوئے مخلص ہو کر تعلیم حاصل کریں اور اپنے خاندان ، معاشرہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور سپارکو کے اشتراک سے عباسیہ کیمپس کے غلام محمد گھوٹوی ہال میں منعقدہ ورلڈ سپیس ویک کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر قیصر مشتاق،ڈین آف سائنس ڈاکٹر اصغر ہاشمی، ڈین فارمیسی اینڈ آلٹرنیٹیو سائنس ڈاکٹر محمود احمد، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالستار خان، سپارکو ایڈوائزر شجاع احمد تیموری، یونیورسٹی اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہونہار اور مستحق طالبعلموں کیلئے 2ارب روپے سے قائم کردہ پنجاب ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کو بڑھا کر 14ارب روپے کر دیا گیا ہے جس کے ثمرات سے غریب طبقہ کے ایک لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے موجودہ حکومت خلوص نیت سے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور انکی بہترین تعلیم و تربیت سے ہی ملک کی ترقی کا سفر ممکن ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء و طالبات سے توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں اس خطہ کے نوجوان ملکی ترقی کا ہراول دستہ ثابت ہونگے اور پاکستان کی کامیابیوں کی داستان میں بہاولپور کا بڑا حصہ ہوگا۔