اپنا آج ملک و قوم کے کل پر قربان کونیوالے ہمارے سروں کے تاج ہیں : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کرم ایجنسی کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور ان دھماکوں میں کیپٹن سمیت ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے شہید ہونے والے کیپٹن اور ایف سی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دھماکوں میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شہید کیپٹن اور ایف سی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کیلئے قربانیاں دینے والے وطن عزیز کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم پاک فوج کے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدا ء کی عظیم قربانیوں کے باعث آج پاکستان میں امن لوٹا ہے اوراپنا آج ملک وقوم کے کل پرقربان کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں۔دریں اثٖناء شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے ہڈیارہ ڈرین تک سڑک کی توسیع اورکشادگی کا منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو آمدو رفت میں بہت سہولت ملے گی اوراس منصوبے کی تکمیل سے ملتان اوردیگر شہروں سے لاہورآنے والی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مدد ملے گی ،لہذا اس منصوبے کوبھی اسی سپیڈ سے مکمل کرنا ہے جس طرح پہلے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔وہ ویڈیولنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ سے ہڈیارہ ڈرین تک سڑک کی توسیع اورکشادگی کے منصوبے کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملتان اوردیگر شہروں سے لاہورآنے والی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے اوراس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو بے پناہ سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر تعمیراتی کاموں میں معیار اوررفتارکا خصوصی خیال رکھاجائے اورپنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی مقررہ مدت سے قبل مکمل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے منصوبوں کی تیزرفتار اورمعیاری تکمیل کے حوالے سے نئے پیمانے مقرر کیے ہیں اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے اسی معیار پر عمل کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات اورچیف سیکرٹری کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی منصوبے کے تمام امور پر عملدر آمد کے ذمہ دار ہوگی ۔وز یراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ٹریفک کے موثر متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں اورایسے متبادل ٹریفک انتظامات کیے جائیں جس سے عوام کو کم سے کم دقت کا سامنا کرنا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے منصوبوں پر 24گھنٹے کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا ہے اوراس منصوبے میں بھی 24گھنٹے کام ہونا چاہیے۔چےئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران،ایم این اے افضل کھوکھر،چیف سیکرٹری ، چےئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات اور متعلقہ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
شہباز شریف