حکومت متوسط طبقات کو ریلیف نہیں مہنگائی کا تحفہ دے رہی ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت غریب اور متوسط طبقات کا معیار زندگی بلند کرنے کی بجائے انہیں مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کر کے غریب عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پی پی 154کے ذمہ داران کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سابق ایم پی اے سید احسان اللہ وقاص ، جماعت اسلامی علاقہ غربی کے امیرخالد احمد بٹ ، پی پی 154کے امیر وسیم اسلم قریشی ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیاسی و سماجی رہنما پی پی 154ساجد خان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور شہر کے علاوہ پنجاب بھر میں سبزیوں سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگائی مافیا کھلے عام منصوعی قلت کا بہانہ بنا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی ناقص کارکردگی اور حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے منافع خور مافیا اس کا بھر پور فائدہ اُٹھارہا ہے جس کا نشانہ غریب اور متوسط طبقات کے لوگوں بن رہے ہیں ۔کمر توڑ مہنگائی سے غریبوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے اور وہ دو وقت کی روٹی بمشکل پوری کرر ہے ہیں۔

ذکراللہ مجاہد