قائداعظمؒ کی اکلوتی صاحبزادی کا انتقال


دُنیا میں ہر شے فانی ہے، ثبات صرف ذات باری کو ہے یہاں جو بھی آیا، اُسے جانا ہی ہے چاہے،کتنی طویل عمر پائے، بان�ئ پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی صاحبزادی دینا واڈیا بھی دُنیا سے رخصت ہو گئیں،اُن کا انتقال امریکہ میں ہُوا ، جہاں وہ رہائش پذیر تھیں،قائداعظمؒ کی اِس صاحبزادی کی عمر98 برس تھی۔ شادی کے بعد سے اُن کا و الد کے ساتھ کوئی تعلق نہ رہا کہ انہوں نے اپنی پسند سے واڈیا خاندان میں شادی کی۔قائداعظمؒ اِس کے خلاف تھے اور جب اُن کی منشاء کے خلاف یہ ہو گیا تو انہوں نے اپنی اِس لاڈلی صاحبزادی سے قطع تعلق کر لیا اور پھر اپنی وفات تک کوئی رابطہ نہ رکھا۔یوں بان�ئ پاکستان نے اپنی سگی اور پیاری اولاد کے لئے بھی اصول اور ایمان کو ہی پیشِ نظر رکھا۔ دینا واڈیا البتہ والد کی وفات پر پاکستان آئیں اور پھر اُن کی آمد2004ء میں ہوئی۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، اب اُن کی وفات ہوئی تو پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں اُن کو قائداعظمؒ کی ذات کے حوالے ہی سے پذیرائی ملی۔ موت برحق ہے اور جانے والے کو اچھے الفاظ سے یاد کرنے کی تلقین کی گئی ہے،اِس لئے ہم بھی بان�ئ پاکستان اور اپنے اس قائد کی صاحبزادی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، تاہم اِس بات کا دُکھ بھی ہے کہ اکلوتی صاحبزادی سے ہمارے قائد کو صدمہ پہنچا،کاش وہ والد کا کہا مان لیتیں، اُن کا احترام کرتیں اور آج وہ ہمارے مُلک میں بہت ہی قابلِ احترام ہستی ہوتیں، اب وہ رخصت ہوئیں، ہمارے قائد بہت پہلے جا چکے، اب خاتون واڈیا کا معاملہ اللہ کے حضور ہے اور جو فیصلہ قدرت کرے وہی ہو گا،ہم تو یہی افسوس کریں گے کہ قائداعظمؒ اور رتی بائی کے خون کا یہ رشتہ بھی راہ�ئ مُلکِ عدم ہوا۔