کیمیکل والا دودھ، منجمد کرکے فروخت کرنے پر پابندی عائد!


صحت مند دودھ کی فروخت اور کیمیکل شدہ ملاوٹ والے دودھ کی فروخت روکنے کے لئے پنجاب فوڈ کنٹرول اتھارٹی نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے اور برف خانوں میں دودھ جمانے کی ممانعت کر دی اور کہا ہے کہ جو ایسا کرے گا اس کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔ فوڈ اتھارٹی ملاوٹ اور غیر معیاری دودھ کے خلاف مسلسل جدوجہد میں مصروف ہے۔ اس کے باوجود دودھ میں ملاوٹ کرنے اور کیمیکل سے دودھ تیار کرنے والے نت نئے راستے نکال لیتے ہیں، ان حضرات نے آئس فیکٹریوں میں پانی سے برف بنانے کی جگہ کیمیکل والے دودھ کو بلاکوں میں جما کر برف کی شکل دینا شروع کر دی اور یہ بلاک دوسرے شہروں میں بھیج کر دودھ فروخت کرنا شروع کر دیاگیا، فوڈ اتھارٹی نے گہری تحقیق کے بعد اب برف خانوں میں دودھ جمانے پر سخت پابندی عائد کر دی اور منع کر دیا گیا ہے البتہ دودھ چِلر میں رکھ کر محفوظ بنایا جا سکے گا۔طبی نقطہ ء نظر سے بچوں کی پرورش اور نشوونما کے لئے دودھ ہی بہترین غذا ہے جو بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی پینا ہوتا ہے لیکن ملاوٹ کرنے والا مافیا اسے بھی آلودہ کرتا ہے بلکہ کیمیکلز کی مدد سے مصنوعی دودھ تیار کرکے فروخت کیا جاتا ہے۔ فوڈ اتھارٹی ایسے حضرات کے خلاف سخت کارروائی کرتی ہے۔ اس کے باوجود یہ حضرات قبیح حرکت کرتے رہتے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ سلسلہ جاری رہے گا کہ شہریوں کو خالص خوراک مل سکے۔ فوڈ اتھارٹی کی محنت اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے کہ مسلسل جدوجہد کر رہی ہے تاہم دکھ اور افسوس ان حضرات پر ہے جو محض تھوڑے منافع کی خاطر ملاوٹ جیسی قبیح حرکت کرکے بچوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہے ہیں، ملاوٹ پر قابو پانے کے لئے مزید کوشش کے ساتھ ساتھ سخت سزاؤں کی ضرورت ہے اور حکومت کو قوانین میں ترمیم کرکے ایسا کرنا چاہیے۔