آئی ایم ایف سے معاہدہ کی تفصیلات کو سامنے لایاجائے‘فاؤنڈرز گروپ


لاہور(نیوزرپورٹر)فاؤنڈرز گروپ کے لیڈر اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ خواجہ خاور رشید نے آئی ایم ایف ایگریمنٹ کے تحت بجلی گیس مہنگی کرنے، مزید ٹیکس عائد کرنے اور روپے کی قیمت کے تعین کا اختیار مارکیٹ کے حوالے کرنے کی خبروں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئی ایم ایف سے ایگریمنٹ کی تمام تفصیلات بزنس کمیونٹی کے سامنے لائے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے ہمیشہ قرضوں کے عوض سخت شراط منوائی ہیں جن کی وجہ سے پاکستان کے مسائل بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ اکانومی، کاروبار اور عام لوگوں کے حالات ایسے نہیں ہیں کہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط تسلیم کی جائیں۔ انہوں نے کہا بہتر یہ ہوتا کہ اپنی اکانومی کے مسئلے اپنے وسائل سے حل کرنے کی کوشش کی جاتی۔ اب قرضوں کا بوجھ مزید بڑھے گا اور ڈیبٹ سروسنگ کی مد میں مزید رقم خرچ کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو معلوم ہونا چاہیے کہ کن شرائط پر معاہدہ کیا جارہا ہے اور اس کے عوض انہیں کن مسائل کا سامنا ہوگا۔