چلڈرن اور ٹیچرز لٹریچر فیسٹولز کے پروگرام کا اعلان

لاہور (پ ر)بچوں کا سالانہ ادبی میلہ(CLF) 21 سے22 جنوری اور اساتذہ کا ادبی میلہ(TLF) 23 جنوری کو چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور میں ہو گا۔نومبر2011 میں پہلا سی ایل ایف بھی اسی جگہ ہوا تھا۔بچوں کا ادبی میلہ، ادارہ ء تعلیم و آگہی(ITA) کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے جس کی بانی بیلا رضا جمیل اور شریک بانی امینہ سید ہیں۔تین دن کے ان میلوں میں بچوں اور اساتذہ کے لیے ایک سو سے زیادہ سیشنز ہوں گے جن کی قیادت 25 سے زائد شریک اداروں کے نمائندے کریں گے۔21 جنوری کو علی حمزہ، نور اور راکے جمیل موسیقی کا جادو جگائیں گے۔تینوں روز صبح9 سے شام4 بجے تک مختلف سماجی پس منظر رکھنے والے ہر عمر کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے متعدد سیشنز ہوں گے۔23 جنوری کو صبح نو سے دوپہرڈھائی بجے تک اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مختلف سیشنز ہوں گے۔تینوں دن میلے میں شرکت کے لیے کوئی فیس نہیں ہے۔سی ایل ایف کے خیر سگالی کے سفیرجگن کاظم، خالد انعم، عمیر رانا، نادیہ جمیل، علی حمزہ اور علی نور بھی تقریبات میں شریک ہوں گے۔پروگراموں کی تفصیلات اور اساتذہ کی رجسٹریشن کا لنک سی ایل ایف کی ویب سائیٹ پر شیئر کر دیا گیا ہے۔