لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کے لئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے عام آدمی کواشیاء ضروریہ کے حوالے سے ریلیف کی فراہمی کے لئے10ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔2ہزار یوتھ سٹورز کھولنے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے اور حکومت کے اس عوام دوست اقدام سے ہزاروں خاندانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بھی مہنگائی کی روک تھام اور عام آدمی کوریلیف کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ کے ذریعے صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔لاہور،راولپنڈی،ملتان،فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اشیاء ضروریہ سرکاری نرخوں پر آن لائن سسٹم کے ذریعے گھروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہری قیمت پنجاب ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے حکومت پنجاب کے اس انقلابی اقدام سے استفادہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور ایکشن جاری رہے گا۔ آٹا اور چینی کے مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام کا سکون برباد کرنے والے یہ مافیاز کسی رعایت کے مستحق نہیں۔عام آدمی کی مشکلات میں کمی لانے کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔