پاکستانی تاجر ہنگری میں سرمایہ کاری کریں: کمرشل قونصلر


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ہنگری کے کمرشل قونصلر استوان گرافجوڈی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان سمیت مقامی تاجر برادری کے ساتھ پاکستان اور ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے استوان گرافجوڈی نے کہا کہ ہنگری کا ایک تجارتی وفد 25مارچ کو پاکستان کے دورے پر آ رہا ہے جو لاہور میں ایک بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا وہ کوشش کریں گے کہ مذکورہ وفد کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے ساتھ بھی ملاقات کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری آٹوموبائل انڈسٹری، زراعت،صحت، توانائی، ویسٹ واٹر مینجمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کافی مضبوط ہے اور پاکستان ان شعبوں میں ہنگری کے ساتھ تعاون بڑھا کر اپنی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری کے ساتھ اپنی برآمدات کو بہتر کرنے کیلئے پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی کوالٹی اور برانڈنگ کو مزید بہتر کرنے پر توجہ دینا ہو گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ زرعی پیداوار کو بہتر کرنے کیلئے پاکستان کو جدیدٹیکنالوجی و مشینری کی ضرورت ہے اور ہنگری اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے تاہم دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کر کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔سلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، عثمان خالد،محمد شکیل منیر، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے بارے میں مختلف تجاویز دیں۔