کرونا وائرس‘ایک ہزار سے زائد فیکٹریوں میں مہم شروع

لاہور(پ ر) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (پڈمک) نے کرونا وائرس کے خلاف ایک ہزار سے زائد فیکٹریوں اور کارخانوں میں مہم شروع کر دی ہے۔جس کے تحت ہر فیکٹری میں سینا ٹائزر لگائے جائیں گے علاوہ ازیں ورکرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ پڈمک کی طرف سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں اس کے تحت چلنے والی ساتوں انڈسٹریل اسٹیٹس میں آگاہی مہم پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔یہ ہدایات گزشتہ روزساتوں انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈ آف منیجمنٹ کے صدور اور نمائندوں کے ہنگامی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(پڈمک) کے چئیرمین سید نبیل ہاشمی نے کی۔ اجلاس میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ، وھاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیزون اور ٹو کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ چھ ہفتوں کے دوران ان اسٹیٹس کے صدور اور انتظامیہ کروناوائرس کے خلاف آگاہی مہم کے دوران مزدوروں، انتظامی اہلکاروں اور دیگر عملہ کیلئے پمفلٹ، بل بورڈ اور آؤٹ ڈور مہم فوری طور پر شروع کرے گی۔