ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ٹڈی دل سے کمپوسٹ بنانے کے پلانٹ کا افتتاح کر دیا


اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کے دورہ کے دوران ٹڈی دل سے کمپوسٹ بنانے کے پلانٹ کا افتتاح کر دیا اس پلانٹ سے ملک بھر سے جمع شدہ ٹڈی دل (Locust) کو متناسب مقدار میں دوسرے مٹیریل کے ساتھ مکس کر کے بہترین قسم کی نامیاتی کھاد تیار کی جائے گی۔ افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے لئے تحریک انصاف کی حکومت اسے اولین ترجیح گردانتی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق کسانوں کی خوشحالی اور زرعی آمدن کے لئے ضروری ہے کہ زمین کی اصلاح اور زرخیزی کو بڑھایا جائے کیونکہ زرعی زمینوں پر مسلسل فصلوں کی کاشت کے دباؤ کی وجہ سے نامیاتی مادہ میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو چکی ہے اور اس کا تدارک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمدعظیم خان، چیئر مین پی اے آر سی نے کمپوسٹ پراسیسنگ یونٹ کی افادیت اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سادہ مگر پروقار تقریب میں ڈائریکٹر جنرل انجنیئر شمیم السبطین، ممبر قدر تی وسائل، ڈاکٹر سرفراز احمد، ڈائریکٹر لینڈ ریسورسز ڈاکٹر شاہد مقصود گل، ڈائریکٹر اسپیشل انیشیٹر پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل جناب ناصر محمود چیمہ، ڈائریکٹر ایڈمن قومی زرعی تحقیقاتی مرکز ڈاکٹر اقبال انجم، ڈاکٹر خالد، ڈائریکٹر احساس پروگرام، ڈاکٹر امجد سی ای او پیٹکواور دیگر نمایاں زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر