سندھ حکومت کامہنگی بجلی، اووربلنگ پر وفاق کواحتجاجی خط لکھنے کا فیصلہ


کراچی (این این آئی) سندھ حکومت نے بجلی نرخوں میں اضافے اور اووربلنگ پر وفاق سے احتجاج کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلی سندھ وفاقی حکومت کو احتجاجی خط ارسال کریں گے۔خط میں بجلی نرخوں میں اضافے،اووربلنگ پرعوام کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا،حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اورعوام اووربلنگ کو صوبے سے ناانصافی قرار دیتے ہیں۔یاد رہے سندھ حکومت نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی2روپے89پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کے فیصلہ مسترد کردیا تھا، صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کابجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ سندھ دشمنی کے مترادف ہے، سندھ کو اعتماد میں لیے بغیربجلی کیسے مہنگی کی گئی،فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے عوام کے ساتھ ظلم کانوٹس لینے کے بجائے بجلی مہنگی کی گئی، وفاقی حکومت ہرماہ سندھ کے عوام پر مہنگائی اور لوٹنے کا بم گراتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں بجلی ہوتی ہی نہیں تو 3روپے بجلی مہنگی کیوں کی گئی، 24گھنٹوں میں 10گھنٹے تو لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تواحتجاج کریں گے۔
سندھ احتجاج