کراچی کے گلی محلوں میں قربانی پر پابندی،الائشیں اٹھانے کیلئے کمیٹیاں بنا دیں:ناصر شاہ


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس مرتبہ گلی کوچوں میں قربانی کرنے پر پابندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ملین ٹن سے زائد آلائشیں اٹھانے کا پلان تیار کیا گیا، کراچی سے آلائشیں اٹھانے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں ا لائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں۔ سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی بھی تیاریاں مکمل، آلائشیں اکٹھی کرنے کے لیے شہر میں 67 کلیکشن پوائنٹس قائم کردیے گئے جہاں سے آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس میں ڈمپ کیاجائے گا۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ اس مرتبہ گلی کوچوں میں قربانی کرنے پر پابندی ہے جہاں پر اجتماعی قربانی ہو وہاں سے بھی آلائشیں اٹھاکر فوری جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے مکھیوں مچھروں کی بھی بہتات ہے، ماڈل کالونی کے گولڈ گراؤنڈ اور گلشن اقبال میں واقع منگل بازار گراؤنڈ کی صورتحال بھی خراب ہے۔عزیزآباد کا جناح گراؤنڈ فیملی پارک بن چکا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانی سے نہ صرف پارک کی خوبصورتی متاثر ہوگی بلکہ بچوں سے ان کا پلے گراؤنڈ بھی چھن جائے گا۔سندھ حکومت نے میدانوں میں اجتماعی قربانی کا تو کہہ دیا ہے لیکن صفائی کے انتظامات کون کرے گا؟ ان گراونڈز میں قربانی کیسے ہوگی؟
قربانی پابندی