بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ سے صنعتی عمل بڑھے گا: پی آئی ای

 لاہو(سٹی رپورٹر) جنوبی پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ  بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نہ صرف بہاولپورکی بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا  بلکہ ملک میں صنعتکاری کے فروغ کے لئے یہ زون ایک اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اس اسٹیٹ کے قیام سے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ پنجاب اور سندھ کے سرمایہ کاروں کو فیکٹریاں لگانے کا موقعہ بھی ملے گا۔ یہ بات پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس (پی آئی ای) کے چئیرمین سید نبیل ھاشمی نے گزشتہ روز بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی وفد کی قیادت بہاولپور چیمبر کے صدرتنویر احمد کر رہے تھے نبیل ھاشمی نے کہا کہ تین انڈسٹریل زونوں جن میں رحیم یار خاں، بھلوال اور وہاڑی میں مکمل طور پر انفراسٹر کچر فراہم کردیا گیا ہے جبکہ بہاولپورانڈسٹریل اسٹیٹ کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ویژن کے عین مطابق اس انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ پی آئی ای کے چئیرمین نبیل ھاشمی نے بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مسلسل کو ششوں کو سراہا۔بہاولپور اسٹیٹ کے قیام پر جنوبی پنجاب اور بالخصوص بہاولپور کی بزنس کمیونٹی ان کی شکر گزار ہے انہوں نے کہا کہ 483 ایکڑ پر بننے والے اس اکنامک زون میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفرا سٹر کچر فراہم کیا جائے گا۔

جو سندر اسٹیٹ سمیت ملک کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپیشل اکنامک زونز کے ہم پلہ ہوگا۔