ٹیکنالوجی نے ہر شعبہ کیلئے آسانیاں پیدا کیں،طلعت نصیر


لاہور (لیڈی رپورٹر   ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ٹاؤن شپ کیمپس میں گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے دوسرے بیچ کی گریجوایشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف تھے۔ تقریب میں لاہور سے ٹریننگ مکمل کرنے والے 179طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ بلاشبہ عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی نے انسان کے لئے ہر شعبہ میں آسانیاں پیدا کی ہیں، آج دنیا کی ترقی کا زیادہ تر انحصار اسی جدید ٹیکنالوجی پر ہے۔ جن ممالک نے اپنے شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروایا، وہ ممالک دنیا بھر میں ایک امتیازی حیثیت رکھتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کروانا نہایت ضروری ہے کیوں کہ اس کے ذریعے وہ نہ صرف اپنی زندگی کو آسودہ بنا سکتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا متحرک کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اور اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت نے نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام جیسے منصوبے شروع کئے ہیں، جہاں نوجوانوں کوتکنیکی مہارتیں سکھا کر آن لائن روزگار کے حصول کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام ایک کامیاب منصوبہ ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مستفید ہونا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈی جی ای گورننس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف نے کہا کہ موجودہ  ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کے لئے تکنیکی مہارتیں حاصل کرنا نہایت ضروری ہے کیوں کہ اس شعبہ میں مہارت حاصل کرکے نوجوان روزگار کے ساتھ ملک کے لئے خطیر زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔اس موقع پر جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، رجسٹرار احمد اسلام، خزانچی قیصر اقبال، جامعہ کے لاہور میں موجود پرنسپلز و ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس کونسلنگ سنٹر ڈاکٹر احسن بشیر کے علاوہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔