اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات اور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کلین چٹ دےدی۔فیض آباد دھرنا کیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل در آمد رپورٹ جمع کروا دی جس میں تحریک لبیک کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات اور فارن فنڈنگ کے الزامات پر کلین چٹ دے دی ہے۔الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے متن کے مطابق تحریک لبیک کے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ مانگی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ٹی ایل پی کے فنڈنگ ذرائع کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک کو 15 لاکھ ممنوعہ ذرائع سے موصول ہوئے، تحریک لبیک پارٹی کیلئے 15 لاکھ کی رقم آٹے میں نمک کے برابر ہے، تحریک لبیک کو وصول ہونے والی چھوٹی رقم کو غیر ملکی فنڈنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ ٹی ایل پی ریاست مخالف جماعت ہے، انکوائری کے بعد تحریک لبیک کیخلاف نوٹس واپس لے لیا ہے، سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلہ پر عمل در آمد کر دیا، الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک ہے۔
تحریک لبیک