مالی سال کا چوتھا مہینہ بھی ختم ہونے کے قریب ہے لیکن پنجاب کی نگران حکومت اضلاع کو زکوٰۃ فنڈ جاری نہیں کر سکی جس کے باعث مہنگائی کی چکی میں پسے مستحقین کو اُن کا ”گزارہ الاؤنس“ بھی نہ مل سکا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ملتان کے پانچ ہزار سے زائد مستحقین کو محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا گیاجبکہ فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث ہسپتالوں میں بھی ان کے علاج کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ زکوٰۃو عشر کی جانب سے نابینا افراد کو دو ہزار جبکہ دیگر مستحقین زکوٰۃ کو 1500 روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس دیا جاتا ہے۔دوسری جانب ملتان کی 558 لوکل زکوٰۃ کمیٹیاں گزشتہ ڈیڑھ سال سے معطل ہیں جبکہ صوبائی زکوٰۃ کونسلیں اور ضلعی زکوٰۃ کمیٹیاں بھی غیر فعال ہیں۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت زکوٰۃ کمیٹیوں کی اَز سرِ نو تشکیل کر کے مستحقین کی مالی امداد کا سلسلہ فوری شروع کرائے۔