اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی آراوز، آر اوز اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز اور آر اوز کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ سے معطل ہونے کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کا آج رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کا امکان ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ ڈی جی لاء بھی سپریم کورٹ جائیں گے، رجسٹرار سپریم کورٹ کو باقاعدہ طور پر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی سفارش کی تھی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز)اور ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز)کی تربیت روک دی اور 11دسمبر کا جاری کردہ نوٹیفیکیشن بھی معطل کر دیا ہے۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے 8فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرزاور ریٹرننگ آفیسرز کا تقرر کر دیا گیا تھا، ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ الیکشن شیڈول سے پہلے ضروری ہے تاکہ کاغذات نامزدگی وصول اور ان کا اجراء کر سکیں۔ موجودہ صورتحال کا الیکشن کمیشن کو کسی طور ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
نوٹیفکیشن معطل