شیر افضل مروت1ماہ کیلئے 16ایم پی او کے تحت نظر بند

  لاہور(نامہ نگار خصوصی،کرائم رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو 1 ماہ کیلئے 16 ایم  پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا، انہیں جمعرات کی دو پہر لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک سے حراست میں لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرکے باہر نکلے تو جی پی او چوک میں پولیس کی بھاری نفری نے انہیں حراست میں لینے کے بعد تھانہ مزنگ منتقل کیا گیا تھا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے 16 ایم پی او کے تحت ان کی ایک ماہ کیلئے نظر بندی کے احکامات جاری کئے اور انہیں تھانہ مزنگ سے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کر دیا گیا۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  پی ٹی آئی کے رہنما وکیل شیر افضل مروت کا کہنا تھا پاکستانی عوام کو اپنی تقدیر کے بارے میں سوچنا ہے، اپنے حق کیلئے نکلنا ہوگا آپ کے حقوق کی جنگ اور چیئر مین پی ٹی آئی لڑ رہا ہے آپ کے بچوں کے مستقبل کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی گولیاں کھانے کیلئے تیار ہے ہم جہاں بھی جاتے ہیں لوگ گلے لگاتے، ماتھے چومتے ہیں، وکلا ء برادری کو ایک ہونا ہوگا یہ زیادہ سے زیادہ ہمیں اٹھا کر مار سکتے ہیں اس وطن کی خاطر یہ قربانی بڑی نہیں اگر ہماری قربانی قوم کو بچا سکتی ہے تو ہم حاضر ہیں تمام کیسوں میں میں ضمانت پر ہوں پنجاب سے بڑے بڑے نام پی ٹی آئی کو جوائن کرنا چاہتے ہیں جلد سرپرائز ملے گا،الیکشن کی رگنگ 6 ماہ سے جاری ہے 9 مئی کا ارتکاب الیکشن رگنگ کی بنیاد ہے ہم لوگ چھپتے چھپاتے موٹر سائیکلوں پر کنونشن میں پہنچتے ہیں،بلاول بھٹو ہیلی کاپٹر پر گیریژن پہنچتا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے۔

شیر افضل مروت