سابق کرکٹرز معین خان کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرنے کی بجائے کرکٹ پر تنقید کریں :وسیم اکرم
برسبین (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ معین خان کے معاملے کو بلاوجہ ہوا دی گئی جو کہ درست نہیں ہے اور ساتھ ہی ساتھ وسیم اکرم نے سابق کرکٹرز کو مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ ٹی وی چینلز پرتبصرہ کرتے ہوئے کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کریں ۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اکرم کاکہنا تھا کہ میں جس سابق کرکٹرکے ساتھ بھی کمنٹری کرتا ہوں وہ مجھ سے یہی پوچھتا ہے کہ آپ کے چیف سلیکٹر کو واپس کیوں بلا لیا گیا؟ لیکن اس کا جواب میرے پاس نہیں ہے۔وسیم اکرم کے بقول تنقیدکی بھی ایک حد ہوتی ہے اور غیر ضروری تنقید کی وجہ سے کھلاڑی دباو کا شکار ہیں ۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے مگر ہمیں ایسے وقت میں اپنی ٹیم پر تنقید کرنے کی بجائے ان کی ہمت بڑھانی چاہیے تا کہ وہ اگلے میچز میں کامیابی حا صل کر سکے۔