دبئی میں پاکستانی ملازم کی مالک سے لاکھوں روپے چرُا کر فرار ہو نے کی کوشش ناکام
دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی ملازم کو اپنی کمپنی کے ڈیڑھ لاکھ درہم (تقریباً 41 لاکھ پاکستانی روپے) چرا کر پاکستان فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمپنی کے منیجر نے تین لاکھ درہم کی رقم اپنے اکاﺅنٹنٹ کے حوالے کی جس نے اسے اپنے دراز میں رکھ کر تالا لگا دیا۔ اگلے دن معلوم ہوا کہ اس میں سے نصف رقم غائب تھی جس کے متعلق پولیس کو اطلاع کردی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹ حاصل کئے اور تمام ملازمین کو پولیس سٹیشن بلوایا۔ تمام ملازمین پولیس کے پاس پہنچے مگر 31 سالہ پاکستانی شخص غائب تھا۔
مزید پڑھیں:بے چارہ عاشق ایک سال تک روزانہ شادی کی پیشکش کرتا رہااور محبوبہ بے خبر رہی
جب اس کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ اس کا پاسپورٹ ایک رینٹ اے کار کمپنی کے پاس ہے اور وہ اپنا پاسپورٹ لینے کے لئے گیا ہوا ہے تاکہ اسے قانونی تقاضے کے مطابق پولیس کے سامنے پیش کرسکے۔ اسی دوران منیجر نے پولیس کو بتایا کہ پاکستانی ملازم کا پاسپورٹ اس کے اپنے قبضے میں ہے جس کے بعد بندرگاہوں اور ایئرپورٹوں کو خبر کردی گئی اور اسی رات اس شخص کو پاکستان فرار ہونے کی کوشش میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے مسروقہ رقم برآمد کرلی ہے جبکہ مجرم کو سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔