بد قسمت ماں،جیل سے رہائی پانے والے بیٹے کا نشانہ بن گئی
نیویارک (نیوز ڈیسک) تیس سال تک بیٹے کی جیل سے رہائی کی منتظر رہنے والی بوڑھی ماں کو بدبخت بیٹے نے رہا ہونے کے دو دن بعد ہی وحشیانہ تشدد کرکے ہلاک کردیا۔ امریکی شہر اٹلانٹک سٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون گوینڈولن کا بیٹا سٹیون 15 سال کا تھا کہ اس نے ایک ہمسائے کو قتل کردیا جس پر اسے 30 سال کی قید ہوگئی۔ چند دن پہلے جب اس کی رہائی ہوئی تو ماں نے زبردست خوشی منائی اور اپنے گھر پر ایک دعوت کا بھی اہتمام کیا۔ جیل سے واپس آنے کے دوسرے دن ہی بدنصیب بیٹے نے ماں سے تلخ کلامی شروع کردی اور اس کے اصرار کے باوجود اپنے بدقماش دوستوں کو گھر سے نکالنے سے انکار کردیا۔ خاتون نے جب اس کی ڈانٹ ڈپٹ کی تو وہ مشتعل ہوگیا اور پہلے تو اس کے سر پر شدید تشدد کیا اور پھر پستول سے فائر کرکے اسے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ صدمے سے دوچار ہمسایوں نے بتایا کہ وہ بیان نہیں کرسکتے کہ بوڑھی خاتون بیٹے کی واپسی پر کتنی خوش تھی اور سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ اسے اس وحشیانہ طریقے سے قتل کردے گا۔