سعودی عرب :پہلی ہی نظر میں طلاق ہو گئی
مدینہ(نیوزڈیسک)پہلی ہی نظر میں پیار کا محاورہ تو آپ نے اکثر سنا ہوگا لیکن سعودی عرب میں پہلی ہی نظر میں طلاق والا واقعہ پیش آگیا اور افسوسناک بات یہ ہے کہ طلاق کی وجہ بھی کوئی خاص نہ تھی۔عرب اخبار ’اوکاز ‘کے مطابق شادی کی تقریب سعودی شہر میں جاری تھی اور دولہا سٹیج پر بیٹھا تھا ،اس دوران روایت کے مطابق دلہن کو سٹیج پر لایا گیا۔ جہاں دولہے نے دلہن کا گھونگھٹ اٹھایا تو اس نے خاتون کا چہرہ دیکھتے ہی دلہن سے معذرت کرتے ہوئے وہ عمل کردیا جو حلال کاموں میں سب سے ناپسندیدہ عمل ہے۔ بے چاری دلہن فوراًتین الفاظ سن کر شدت غم سے وہیں بے ہوش ہوگئی اور شادی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ خوشیوں کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا، دولہا اور دلہن کے گھر والے بے چارگی اور حیرانگی سے ایک دوسرے کی طرف دیکھتے ہی رہ گئے۔ جب سعودی دولہے سے طلاق کی وجہ پوچھی گئی تو موصوف کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے اس نے خاتون کا چہرہ نہیں دیکھا تھا اوریہ وہ خاتون نہیں جس کی اسے تلاش تھی لہذا اس نے طلاق دے دی۔