طاعون کی اصل وجہ چوہے نہیں بلکہ اُن کے ہمشکل ’جربو‘ ہیں :تحقیق

طاعون کی اصل وجہ چوہے نہیں بلکہ اُن کے ہمشکل ’جربو‘ ہیں :تحقیق
طاعون کی اصل وجہ چوہے نہیں بلکہ اُن کے ہمشکل ’جربو‘ ہیں :تحقیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اوسلو(مانیٹرنگ ڈیسک) طاعون کی وجہ سے آج تک 20کروڑ لوگ موت کے منہ میں جاچکے ہیں اور اِس بیماری کو پھیلانے کا ذمہ دار چوہوں کو قراردیاجاتارہالیکن اب ایک تحقیق میں چوہوں کو اس بیماری سے بری الذمہ قراردیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چوہوں سے مماثلت رکھنے والا ”جربو“ نامی جانور درحقیقت مہلک ترین بیماری طاعون کی اصل وجہ ہے۔
اوسلو یونیورسٹی کے محققین نے تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ طاعون یعنی کالی موت کے ذمہ دار چوہے کی ہی شکل جیسے جربو ہیں، تیز دانتوں والا یہ جانور 14 ویں صدی میں وسطی ایشیا کے ساحلوں سے یورپی ساحلوں تک پہنچا اور پھر یہاں کالی موت جیسی بیماری پھیلا کر لاکھوں انسانوں کی موت کا سبب بنا۔
 پروفیسر سٹین سمتھ کا کہنا ہے کہ تحقیق کے لیے انہوں نے قرون وسطی سے ’ٹری رنگ ڈیٹا‘ کی مدد لی اور موسمیاتی تبدیلیوں کو اس سے میچ کرکے طاعون سے ہونے والی اموات کو اس سے جوڑا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس بیماری کے پھیلنے کا بیکٹیریا یورپ سے نہیں بلکہ وسطی ایشیا سے آیا تھا جس سے یورپ میں یہ بیماری پھیلی اوریہ پیٹرن ہر15 سال بعد گرم ترین موسم کی وجہ سے بار باروجود میں آتا رہا۔
سائنسدانوں کا خیال ہے کہ جربو ایشیا سے یورپ کے ساحل پر پہنچے تو ان کے جسموں پر موجود پسو اونٹوں کے ذریعے بھی یورپ منتقل ہوئےاور جب بھی موسم گرم ہوتا جربو کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی تھی ۔
پروفیسر سٹین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تحقیق سچ ثابت ہوتی ہے تو طاعون سے متعلق دنیا کی تاریخ کو دوبارہ لکھنا پڑے گا۔

مزید :

تعلیم و صحت -