بھارت میں آپریشن کے بعد 15 افراد بینائی سے محروم ہو گئے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی صوبہ پنجاب کے علاقے گورداسپور میں مفت میڈیکل کیمپ کے دوران علاج کروانے والے 15 افراد بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان تمام افراد نے بنیادی صحت کے اصولوں کے منافی قائم کردہ فلاحی کیمپ سے آنکھوں کے آپریشن کروائے تھے تاہم اس کے بعد ان کی صحت میں کوئی بہتری آ نے کی بجائے ان کی بینائی ختم ہو گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہر سال لاکھوں لوگ اس طرح کے مفت کیمپوں میں اپنا علاج کرواتے ہیں ۔ یہ آپریشن عام طور پر کم خطرے والے ہوتے ہیں اس لئے ان کے علاج کیلئے قائم کردہ کیمپوں کو باآسانی اجاز نامے بھی مل جاتے ہیں تا ہم اس واقعے کے بعد بھارتی محکمہ صحت پر بہت پریشر سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب آنکھوں کے علاج کیلئے مفت کیمپ لگانے والے منجیت جوشی کا کہنا ہے کہ انہوں نے دوران علان ان پندرہ مریضوں سمیت تمام 49افراد مکمل سہولیات فراہم کی تھیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بینائی کھونے دینے والے مریضوں میں سے کم از کم 7 کی بینائی مزید علاج کے باوجود واپس نہیں آ سکے گی۔