سعودی عرب میں غیرملکیوں کے خلاف ایکشن ،16لاکھ افراد گرفتار
جدہ (محمد اکرم اسد سے) سعودی سیکیورٹی اداروں نے مختلف شہروں میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 16 لاکھ 20 ہزار 630 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ تعداد ایک سال کے دوران گرفتار ہونے والے غیر قانونی تارکین کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب سے بیدخل کیا گیا ہے جبکہ رواں سال کے شروع سے اب تک بیدخل ہونے والے غیر قانونی افراد کی تعداد 275339 ہے۔ سیکیورٹی آپریشن کے دوران متعدد خلاف ورزیوں پر 3105 افراد کو مختلف سزائیںدی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی آپریشن ٹو میں ان افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ حج، عمرہ وزٹ ویزوں پر آکر مملکت میں غیر قانونی طور پر ٹھہر جاتے ہیں۔ اس آپریشن میں ان غیر ملکیوںکو بھی شامل کیا گیا ہے جو اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے کفیل کے علاوہ کسی اور شخص یا ادارے میں کام کرتے ہیں۔ ان افراد کو شامل تفتیش کیا گیا ہے جو اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مدد کرتے ہیں یا انہیں کام دیتے ہیں۔ سیکیورٹی آپریشن میں ان سعودی شہریوں کو بھی شامل تفتیش کیا گیا جو اپنے مکفولین کو باہر کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر غیر قانونی افراد سے کام لینے والے فرد یا ادارے کے خلاف ایک لاکھ ریال جرمانے کے علاوہ اسے 5 سال کے لئے ویزوں کی سہولت سے محروم کردیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے ادارے کا منیجر یا مدیر غیر ملکی ہوگا تو اسے مملکت سے بیدخل کردیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے کو 2 سال قید کی سزا دی جاسکتی ہے جبکہ اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار ہونے والی غیر ملکی کو 6 ماہ قید اور مملکت سے بےدخلی کی سزا دی جائے گی۔