بھارتی حکومت عرب دنیا میں مقیم شہریوں کی تنخواہیں بڑھوانے کے لیے سرگرم،پاکستانیوں کوبھی فائدے کا امکان
نیودہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے اپنے شہریوں کیلئے کم از کم معاوضے میں خاطر خواہ اضافے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں اور ان کوششوں کی وجہ سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
اخبار ”انڈیا ٹائمز“ کے مطابق سعودی عرب میں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے کم از کم تنخواہ 670ریال سے بڑھا کر 1200 ریال (تقریباً 32 ہزار پاکستانی روپے) کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی اسی طرح کے مطالبات اور سفارشات سامنے آرہی ہیں۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے 6 ممالک میں کل تقریباً 5 کروڑ آبادی میں سے نصف کے قریب بھارتی شہری ہیں اور اگر بھارتی مطالبے کے نتیجہ میں دوسرے ممالک نے بھی اپنی افرادی قوت کیلئے معاوضے میں اضافہ کا مطالبہ کیا تو اس کے غیر متوقع نتائج بھی برآمد ہوسکتے ہیں۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ کثیر بھارتی افرادی قوت کی وجہ سے خلیجی ممالک یہ مطالبہ ماننے پر مجبور ہوسکتے ہیں یا دوسری صورت میں یہ بھی ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں بھارتی ملازمین کی بجائے پاکستانی اور بنگلہ دیشی افرادی قوت کو ترجیح دی جائے۔ تاحال اس ضمن میں کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی ہے۔