اسلام کی تاریخ جاننے کیلئے سعودی عرب میں عجائب گھر قائم

اسلام کی تاریخ جاننے کیلئے سعودی عرب میں عجائب گھر قائم
اسلام کی تاریخ جاننے کیلئے سعودی عرب میں عجائب گھر قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) آغاز اسلام کی تاریخ کے مشاہدے کے شائقین کے لئے مدینہ منورہ میں خصوصی عجائب گھر قائم کردیا گیا۔ اسے 500 مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے۔ اس میں قدرتی مجسموں کے ذریعے اسلامی پیغام کی شروعات سے تعلق رکھنے والے قابل دید مقامات سے سجایا گیا ہے۔ 2 گھنٹے کے اندر اندر شائقین پورے عجائب گھر کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، اس کے لئے 15 سعودی ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔ یہ مدینہ منورہ کی عمرانی اور تمدنی تاریخ اور ورثے کا پہلا عجائب گھر ہے اسے ڈاکٹر عبدالعزیز کھکی نے نجی طور پر قائم کرایا ہے، جگہ تنگ ہونے کے باوجود سیرت مبارکہ ﷺ کے اہم ترین واقعات کو مجسم شکل میں پیش کرنے کی خوبصورت کوشش ہے۔ شائقین کو عجائب گھر کے مندرجات سے واقف کرانے کے لئے باقاعدہ رہنما (گائیڈ) کا بندوبست ہے۔ شائقین عجائب گھر پہنچنے کے بعد سیرت نبویہ ﷺ کے واقعات سن کر عجیب وغریب قسم کی روحانی مسرت محسوس کرتے ہیں انہیں لگتا ہے کہ گویا وہ 1400 سال قبل کے زمانے کی طرف لوٹ گئے ہیں، یہ عجائب گھر کنگ عبدالعزیز روڈ پر دیوان المعرفہ کے احاطے میں الحرمین ریلوے سٹیشن کے بالمقابل واقع ہے۔ یہ مسجد نبوی شریف ﷺ سے گاڑی کے ذریعے 5 منٹ کی مسافت پر ہے۔ اسے دیکھنے کے لئے دنیا بھر کے ملکوں سے ہزاروں افراد پہنچ رہے ہیں، اندرون مملکت سکولوں، کالجوں و یونیورسٹیوں کے طلبہ، خاندان اور سرکاری وفود بھی عجائب گھر دیکھنے کیلئے باقاعدہ آتے جاتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالعزیز کھکی کو امیسان ہی کنگ فیصل ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ان کی کتاب معالم المدینہ منورہ بین العمارہ والتاریخ مدینہ منورہ کے قابل دید تاریخی و عمرانی مقامات کو فیصل ایوارڈ کی اساس بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مدینہ منورہ کے تمدنی ورثے کے مطالعے اور اسے اجاگرکرنے کیلئے زبردستی مساعی صرف کی۔ گورنر مدینہ منشورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، عجائب گھر میں غزوہ احد، غزوہ خندق، نبی کریم ﷺ کی اونٹنی القصویٰ اور حجرہ عائشہؓ کو مجسم شکل میں پیش کیا ہے۔