دنیا کا وہ ملک جہاں سڑک پر گاڑی میں تیل ختم ہو جائے تو بھاری جرمانہ کیا جاتاہے
دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی کی پولیس نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ سڑک پر پٹرول ختم ہونے پر بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا لہٰذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پٹرول ختم ہونے سے مناسب وقت پہلے ہی دوبارہ بھروالیں۔
مصری عالم نے لائیو ٹی وی پروگرام میں فون کال پر خاتون کا ’جن‘ نکال دیا!
دبئی ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر سیف مہیر کا کہنا ہے کہ ان شکایات میں بہت اضافہ ہوگیا ہے کہ پٹرول ختم ہونے پر گاڑیاں سڑک کے عین درمیان کھڑی ہوجاتی ہیں جو کہ خوفناک حادثوں کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی کی گئی ہو تو بھی یہ عمل حادثے کا باعث بن سکتا ہے اور عوام کو خبردار کیا ہے کہ دوران سفر ان کا پٹرول کبھی بھی ختم نہیں ہونا چاہیے۔ پٹرول ختم کرکے ٹریفک میں خلل کا باعث بننے والوں کو 200 درہم (ساڑھے پانچ ہزار پاکستانی روپے) جبکہ سڑک کے درمیان رکنے والوں کو 500 درہم (ساڑھے 13 ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے ٹائروں کی باقاعدہ دیکھ بھال کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ سڑک پر پنکچر یا ٹائر پھٹنے کا واقعہ بھی کم از کم پیش آئے۔