وزیراعظم کی کوشش ،صنعا میں پھنسے پاکستانی قافلے کو آگے جانے کی اجازت مل گئی
صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن میں حوثی باغیوں نے پاکستانی قافلے کو آگے جانے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد 40 بسوں پر مشتمل قافلہ یمن کے ساحلی علاقے حدیدہ کے ائیر پورٹ کی جانب رواں دواں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر کے تمام پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعاء میں جاری کشیدگی کے باعث تقریباٍ 500 سے زائد پاکستانی وہاں محصور ہو گٖئے۔ بعد ازاں میڈیا پر خبریں آنے کے بعد حکومت کو بھی ہوش آئی اور سفارتخانے نے محصور پاکستانیوں سے رابطہ کیا جس کے بعد انہیں 40 بسوں پر مشتمل قافلے کی صورت میں یمن کے ساحلی علاقے کے شہر حدیدہ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں حوثی باغیوں نے چیک پوسٹ پر روک لیا اور آگے جانے کیلئے این او سی کا مطالبہ کرنے لگے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس تمام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا اور تمام پاکستانیوں کو بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جس کےکچھ ہی دیر بعد حوثی باغیوں نے قافلے کو آگے جانے کی اجازت دیدی جو اب حدیدہ ائیرپورٹ کی جانب رواں دواں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے باغیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر کسی پاکستانی پر حملہ کیا گیا تو اسے پاکستانی ریاست پر حملہ تصور کیا جائے گا۔دفتر خارجہ نے واضح اشار دیا تھا کہ اگر کسی پاکستانی پر حملہ ہوا تو اس کے جواب میں پاکستانی فورسز کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت ملی ہے : فاروق ستار