تحریک انصاف کا 15 دسمبر کو لاہور بند کرنے کا اعلان، ’جاتی عمرہ‘ جانے والے راستےسیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے 15 دسمبر کو لاہور بند کرنے کے اعلان کے بعد پولیس کی طرف سے انتظامات جاری ہیں اور اسی سلسلے جاتی عمرہ میں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہ کو جانے والے تمام راستے درجنوں کنٹینر رکھ کر بند کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات 15 دسمبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان فیصل آباد میں ہونے والے تصادم کے بعد پولیس انتہائی تندہی سے اس معاملے میں اقدامات کر رہی ہےاور جوں جوں احتجاج کی تاریخ نزدیک آ تی جا رہی ہے مزید اہم عمارتوں اور رہائشگاہوں کو جانے والے راستوں کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس کی طرف سے کئے جانے والے ان انتظامات کے سبب ٹرانسپورٹرز اور عام شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان مشکلات میں اضافہ ہی متوقع ہے۔