لاہور: 10 گھنٹے تک فائرنگ کے تبادلے کے بعد رائیونڈ آپریشن مکمل , 2 دہشت گرد ہلاک ، 1 زخمی حالت میں گرفتار
لاہور (نیوز ڈیسک )وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب رائیونڈ کے علاقے میں پچھلے 10 گھنٹے سے جاری سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے . اس دوران وقفے وقفے سے سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس میں ایلیٹ فورس کے دو اہلکار شہید جبکہ کئی زخمی ہوگئے تاہم تصدیق صرف تین زخمیوں کی ہوسکی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی ۔ ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشتگردوں کے پاس جدید اسلحہ موجود تھا .تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نےدہشت گردوں کو زیر کر لیا ہے، سرکاری ٹی وی کے مطابق آپریشن میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں، جبکہ ایک کی شناخت احسن محبوب کے نام سے کی گئی ہے اور یہ اوکاڑہ کا رہائشی ہے . صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کے مطابق محلہ داروں کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ گھر میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں لیکن بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ وہ آپریشن سے قبل ہی فرار ہو گئے. ان کے مطابق ایک دشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے . انہوں نے دعوی کیا کہ دہشت گردوں کا ٹارگٹ وزیر اعظم کی رہائش گاہ تھی .حکام کے مطابق کمپاؤنڈ کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور جہادی لٹریچر برآمد ہوا ہے . اس مکان میں دہشت گرد بارودی مواد کے ذریعے بم بنانے میں مصروف تھے . ان کا تعلق القاعدہ سے بتایا گیا ہے .
قبل ازیں :
پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ رات 2 بجے شروع ہونے والے سرچ آپریشن میں پنڈرائیاں کے ایک کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی ،جس کے بعد انھیں چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا تھا . اس سے قبل کمپاؤنڈ سے 3 راکٹ بھی فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔ وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان سے مزید معلومات لی جا سکیں . ان کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل ہونے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی.بتایا گیا ہے کہ یہ کمپاونڈ ستار نامی شخص کی ملکیت ہے ، پولیس نے اسے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے . ستار نے ایک مہینہ قبل یہ کمپاونڈ ڈھائی ہزار روپے کرایہ پر دیا تھا لیکن پھر اس کا کرایہ بڑھا کر 5 ہزار روپے کر دیا جس سے شک پیدا ہوتا ہے کہ ملک مکان کو کرایہ داروں کی مشکوک سرگرمیوں کہ علم تھا. سکیورٹی ذرائع کے مطابق ستار سے کرایہ داروں کے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے.
پنڈآرائیاں جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں اور قریبی مکانوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے . آپریشن میں پنجاب پولیس ، رینجرز اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حصہ لیا .