واہگہ بارڈر پر خود کش حملہ ، رینجرز اہلکاروں سمیت 55 افراد جاں بحق ،118 زخمی ، حملہ آور کے اعضاء مل گئے

واہگہ بارڈر پر خود کش حملہ ، رینجرز اہلکاروں سمیت 55 افراد جاں بحق ،118 زخمی ، ...
واہگہ بارڈر پر خود کش حملہ ، رینجرز اہلکاروں سمیت 55 افراد جاں بحق ،118 زخمی ، حملہ آور کے اعضاء مل گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) واہگہ بارڈر پر خود کش حملے سے 3 رینجرز اہلکاروں سمیت  55 افراد جاں بحق اور  118 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 55 افراد ہلاک جبکہ 118 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ پریڈ دیکھ کر باہر آ رہے تھےجبکہ حملہ آور کی عمر  18 سے 20 سال کے درمیان تھی اور دھماکے میں 5  کلو بارودی مواد استعمال ہوا ۔

ڈی جی رینجرز   پنجاب نےمیڈیا سے بات چیت میں  تصدیق کی ہے کہ دھماکہ پارکنگ میں اس وقت ہوا جب لوگ پریڈ دیکھ کر باہر آ رہے تھےاور اس مقام پر  تجارتی سامان کے ٹرک بھی کھڑے تھےتاہم یہ ہماری کامیابی ہے کہ خود کش بمبار اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکا ، پریڈ ایوینیو میں داخل ہونے میں ناکامی پر حمہ آور  نے عوام کا باہر آنے کا انتظار کیا۔طاہر خان کے مطابق 3 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں،جاں بحق ہونے اہلکاروں کے نام انسپکٹر رضوان، نائیک سلطان اور نائیک شبیر تھے،  یہ سانحہ سیکورٹی کی تمام لئیرز کے باہر ہوا، اور یہ مقام پریڈ کے مقام سے 500 گز دور ہےجبکہ دھماکے کے مقام پر اس وقت تقریباً 150  افراد موجود تھے۔خود کش بمبار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خودکش بمبار کے جسم کے اعضا مل گئے ہیں جن میں  بازو اور ٹانگیں شامل ہیں ۔

دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بارودی مواد میں بال بیرنگ کثیر تعداد میں استعمال کیے گئے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق دھماکہ شام 5 بج کر 30منٹ پر رینجرز مارکیٹ میں ہوا۔دھماکے کے باعث واہگہ بارڈر چیک پوسٹ کے ارد گرد موجود متعدد عارضی دکانوں کو نقصان بھی پہنچا ۔

 ایم ایس گھرکی ہسپتال ڈاکٹر افتخار نے 48 لاشوں کے ہسپتال لانے کی تصدیق کی ہے،جبکہ 100 کے قریب زخمیوں کو بھی گھرکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں11 خواتین اور 7بچے بھی شامل ہیں جبکہ دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں۔دوسری جانب سروسز ہسپتال کے مطابق وہاں 4 لاشیں جبکہ34 زخمیوں کو بھی منتقل کیا گیا۔

دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف ،وزیراعلیٰ پنجاب پنجاب شہباز شریف سمیت ملک کی تمام سیاسی ، سماجی اور قد آور شخصیات نے خود کش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے ملکی تشخص پر حملہ قرار دیا ہے۔  ملک کی تمام سیاسی اور سماجی قد آور شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -