واٹس ایپ سے ڈیلیٹ شدہ میسجز، تصاویر اور ویڈیوز واپس لانے کا طریقہ

واٹس ایپ سے ڈیلیٹ شدہ میسجز، تصاویر اور ویڈیوز واپس لانے کا طریقہ
واٹس ایپ سے ڈیلیٹ شدہ میسجز، تصاویر اور ویڈیوز واپس لانے کا طریقہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامران اکرم) مشہور ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے وائس کالنگ فیچر متعارف کرانے کے بعد تو اس کے صارفین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم اگر آپ غلطی سے اس میں موجود میسجز، تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں تو کیا ہوگا؟ یقینا آپ کو خود پر غصہ بھی آئے گا اور حتی الامکان کوشش ہوگی کہ کسی نہ کسی طرح ڈیلیٹ شدہ مواد واپس آ جائے۔
اس خبر میں اسی بابت بتایا جا رہا ہے کہ اگر آپ غلطی سے واٹس ایپ میسجز ڈیلیٹ کر دیں تو انہیں واپس لانے کا کیا طریقہ ہے۔ واضح رہے کہ مختلف پلیٹ فارمز پر اس کیلئے مختلف طریقہ کار اپنایا جاتا ہے اور یہ طریقہ کار صرف اینڈرائڈ سمارٹ فونز کے حامل صارفین کیلئے ہے۔ اس خبر میںیہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر آپ اپنا پرانا موبائل بیچ کر نیا خرید رہے ہیں تو اس صورت میں چیٹنگ ہسٹری اور دوسرا مواد کیسے نئے موبائل پر منتقل کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ میں سے ڈیلیٹ شدہ میسجز ریکور کرنے کا طریقہ:۔
واٹس ایپ خودکار طریقے سے روزانہ صبح کے 4بجے ایک بیک اپ بناتا ہے اور اگر آپ نے غلطی سے واٹس ایپ کا کوئی میسج ڈیلیٹ کر دیا ہے یا ایپلی کیشن ہی انسٹال کر دی ہے تو گھبرانے کی بات نہیں کیونکہ اس کے باوجود بیک اپ فائلز موبائل فون میں موجود رہتی ہیں اور آپ صرف واٹس ایپ کو دوبارہ انسٹال کر کے ان میسجز کو دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔
1:۔ گوگل پلے سٹور یا کسی اور ذریعہ سے واٹس ایپ کو انسٹال کریں۔
2:۔ ایپلی کیشن کو آن کریں اور اپنا موبائل نمبر دیں۔
3:۔ موبائل نمبر کی ایکٹیویشن کے بعد آپ کے سامنے ایک سکرین آئے گی جس پر لکھا ہو گا"Message Backup found" اور اس کے نیچے دو بٹن "Restore" "No thanks" موجود ہوں گے۔ اس موقع پر "Restore" کے بٹن پر کلک کرنے سے واٹس ایپ خودبخود آپ چیٹ ہسٹری کو ری سٹور کر دے گا اور آپ کے سامنے پچھلے تمام میسجز آ جائیں گے۔

نوٹ:۔ اگر آپ کے سامنے بیک اپ فاﺅنڈ والی سکرین نہیں آئی تو اس کی وجوہات مندرجہ ذیل ہو سکتی ہیں۔

آپ کا میموری کارڈ یا پھر چیٹ ہسٹری کرپٹ ہو چکی ہے اور ری سٹور ہونے کے قابل نہیں رہی۔
آپ کی چیٹ ہسٹری کا بیک اپ بہت پرانا ہو گیا ہے
یا پھر آپ وہ موبائل نمبر استعمال نہیں کر رہے تو آپ نے بیک اپ بناتے وقت استعمال کیا تھا اور اگر ان میں سے کوئی ایک وجہ ٹھیک ہے تو پھر ایسا کوئی طریقہ نہیں جس سے آپ میسجز کو ری سٹور کر سکیں۔

پرانے موبائل سے نئے موبائل میں چیٹ ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کا طریقہ:۔
1:۔ سب سے پہلے واٹس ایپ ایپلی کیشن کو آن کر کے چیٹنگ کا بیک اپ بنائیں۔ ایسا کرنے کیلئے مینیو کا بٹن دبا کر چیٹ سیٹنگز میں جائیں اور پھر بیک اپ کنورسیشن کو دبائیں۔

2:۔ اگر آپ کی چیٹ ہسٹری میموری کارڈ میں محفوظ ہے تو اس میموری کارڈ کو نئے موبائل میں ڈالیں اور اگر یہ موبائل کی میموری پر ہے تو پھر اپنا موبائل یو ایس بی کے ذریعے کمپیوٹر کے ساتھ کنیکٹ کریں۔
3:۔ موبائل کی میموری میں موجود واٹس ایپ کے فولڈر میں جائیں اور پھر ڈیٹا بیس کا فولڈر اوپن کریں۔ یہاں واٹس ایپ کی بنائی گئی بہت سی فائلز موجود ہوں گی لیکن آپ نے خودکار طریقہ سے جو بیک اپ بنایا ہو گا اس فائل کا نام "msgstore.db.crypt8" یا پھر "msgstore.db.crypt7" ہو گا۔ اس فائل کو کاپی کر کے اپنے کمپیوٹر میں رکھ لیں۔

4:۔ اب اپنے نئے موبائل میں واٹس ایپ ایپلی کیشن انسٹال کریں اور یہ یاد رکھیں کہ اس میں وہی نمبر استعمال کریں تو آپ پرانے موبائل میں استعمال کر رہے تھے۔ ایپلی کیشن انسٹال ہونے کے بعد اسے اوپن مت کریں۔

5:۔ اب اپنے نئے موبائل کو کمپیوٹر کے ساتھ کنیکٹ کریں اور اس میں واٹس ایپ کا فولڈر ڈھونڈیں جو ایپلی کیشن نے انسٹال ہونے کے دوران خود ہی بنا دیا ہو گا۔ اس کے اندر ڈیٹا بیس کا فولڈر دیکھیں اور اگر یہ فولڈر موجود نہیں ہے تو آپ خود ڈیٹا بیس کا فولڈر بنا لیں۔ اب وہ بیک اپ فائل جو آپ نے کمپیوٹر میں رکھی تھی اسے ڈیٹابیس کے فولڈر میں رکھ دیں۔

6:۔ اب واٹس ایپلی کیشن کو اوپن کریں اور اپنا فون نمبر دیں۔ اس کے بعد آپ کے سامنے آنے والی سکرین پر "Message Backup found" اور اس کے نیچے دو بٹن "Restore" "No thanks" آ جائیں گے۔ ری سٹور کے بٹن پر کلک کریں اور اپنی چیٹنگ وہیں سے سٹارٹ کریں جہاں آپ نے پرانے موبائل پر ختم کی تھی۔

واٹس ایپ سے ڈیلیٹ شدہ تصاویر اور ویڈیوز ریکور کرنے کا طریقہ:۔
یہ سن کر آپ کو خوشی بھی ہو گی اور حیرانی بھی کہ واٹس ایپ میں سے غلطی سے ڈیلیٹ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز مکمل طور پر ڈیلیٹ نہیں ہوتیں اور اس وقت تک واٹس ایپ کے ڈیٹا بیس فولڈر میں موجود رہتی ہیں جب تک آپ خود انہیں ڈیلیٹ نہیں کر دیتے۔ اسی لئے واٹس ایپ میں سے ڈیلیٹ شدہ تصاویر اور ویڈیوز کو واپس حاصل کرنا انتہائی آسان ہے اور اس کیلئے کسی خاص مہارت یا علم کی ضرورت بھی نہیں ہے اور آپ مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کر کے ویڈیوز اور تصاویر کو باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔
1:۔ اپنے موبائل میں موجود فائل ایکسپلورر کو استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ کا فولڈر اوپن کریں۔
2:۔ یہاں آپ کو مختلف فولڈرز نظر آئیں گے جن میں WhatsApp Audio, WhatsApp Video, WhatsApp Images اور WhatsApp Voice Notes شامل ہوں گے۔

3:۔ جیسا کہ فورلڈرز کے نام سے ہی ظاہر ہوتا ہے کہ تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو میسجز ان کیلئے مخصوص فورلڈرز میں موجود ہیں اور آپ جو بھی ریکور کرنا چاہتے ہیں وہ ان فولڈرز میں ڈھونڈ سکتے ہیں۔