سمارٹ فونز کو چوری ہونے سے بچانے، ٹریک کرنے کا طریقہ

سمارٹ فونز کو چوری ہونے سے بچانے، ٹریک کرنے کا طریقہ
سمارٹ فونز کو چوری ہونے سے بچانے، ٹریک کرنے کا طریقہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامران اکرم) ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہر شخص ہی تقریباً تمام کام اپنے سمارٹ فون پر سرانجام دیتا ہے۔ دوستوں، رشتہ داروں سے خوش گپیاں لگانی ہوں یا کاروباری معاملات نمٹانے ہوں، انٹرنیٹ استعمال کرنا ہو یا پھر موسیقی سے لطف اندوز ہونا ہو، سب کچھ سمارٹ فون کی ذمہ داری بن چکی ہے جبکہ کوئی بھی شخص یہ نہیں چاہے گا کہ اس کا ”چہیتا “ سمارٹ فون چوری ہو جائے اور اگر ہو بھی جائے تو وہ کسی نہ کسی طرح سے اسے ڈھونڈ لے۔
اس خبر میں آپ کو کچھ ایسے ہی طریقہ کار بتائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے آپ سمارٹ فون کو چوری ہونے سے بچا سکتے ہیں اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو چوری شدہ فون تک رسائی حاصل کر کے نا صرف اس میں موجود پرسنل ڈیٹا ڈیلیٹ کر سکتے ہیں بلکہ اپنے سمارٹ فون کو واپس بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
* جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ احتیاط اچھی چیز ہے اسی لئے سب سے پہلے تو اپنے سمارٹ فون پر ایک مشکل سکرین لاک ضرور لگائیں تاکہ اگر کوئی چور موبائل فون چھین لے تو وہ آسانی سے اس میں موجوڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل نہ کر سکے اور اس میں موجود ان ایپلی کیشنز کو ڈیلیٹ نہ کر سکے جن کے ذریعے موبائل فون کو ٹریک کیا جا سکتا ہے۔
* آج کل کے سمارٹ فونز میں جی پی ایس کی سہولت موجود ہوتی ہے اسے ہر صورت آن رکھیں اور اگر ایسا ممکن نہیں تو گھر یا دفتر سے باہر نکلتے وقت اسے ضرور آن کر لیں تاکہ خدانخواستہ آپ کا موبائل چوری ہو جائے تو آپ جی پی ایس کے ذریعے باآسانی ٹریک کر کے ضرورت کے مطابق اقدام اٹھا سکیں۔
* پاکستان میں 3G اور 4G کی آمد کے بعد موبائل فونز پر تیز ترین انٹرنیٹ تک رسائی ممکن ہو چکی ہے اس لئے کوشش کریں کہ جب آپ گھر یا دفتر سے باہر نکلیں تو موبائل ڈیٹا ضرور آن رکھیں کیونکہ کسی بھی موبائل کو جی پی ایس یا کسی دوسری ٹریکنگ ایپلی کیشن کے ذریعے ٹریک کرنا انٹرنیٹ کے بغیر ممکن نہیں۔
* گوگل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ کیلئے ایک ڈیفالٹ ایپلی کیشن اینڈرائڈ ڈیوائس منیجر مارکیٹ میں موجود ہے جو کسی بھی موبائل فون کو ٹریک کرنے کا کام کرتی ہے۔ یہ آپشن کسی بھی جدید اینڈرائڈ سمارٹ فون میں پہلے سے موجود ہوتی ہے اور صارف کو محض Administration میں جا کر اسے آن کرنا پڑتا ہے جس کے بعد آپ کسی بھی دوسرے موبائل یا کمپیوٹر براﺅزر کا استعمال کرتے ہوئے باآسانی اپنے موبائل کو ٹریک کر سکتے ہیں۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے آپ موبائل فون کو لاک کر سکتے ہیں، اس پر ”رنگ“ بھیج سکتے ہیں، وارننگ میسج بھیج سکتے ہیں اور حتیٰ کہ اس موبائل میں موجود ڈیٹا کو بھی مکمل طور پر فارمیٹ کر سکتے ہیں۔
* اگر آپ اینڈرائڈ ڈیوائس منیجر استعمال نہیں کرتا چاہتے تو مارکیٹ میں بہت سی دوسری ٹریکنگ ایپلی کیشنز موجود ہیں جو اس طرح کی آپشنز کی حامل ہیں۔ ان میں سے کسی بھی ایپلی کیشن کو انسٹال کیا جا سکتا ہے تاکہ موبائل چوری ہونے کی صورت میں واپس ملنے کی کچھ آس امیدباقی رہ گئے کیونکہ اگر آپ نے ایسی کوئی بھی ایپلی کیشن انسٹال نہیں کر رکھی تو پھر اپنے موبائل فون کو ٹریک کرنا بھی ممکن نہیں رہتا۔

* اگر آپ نے اوپر بتائے گئے کوئی بھی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا اور آپ کا موبائل چوری ہو گیا ہے تو پھر ماسوائے پولیس کے پاس جانے کے کوئی اور چارہ نہیں رہتا۔ فوراً سے پہلے قریبی تھانے جائیں اور موبائل چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائیں۔ اس کیلئے آپ کو اپنے موبائل فون کے IMEI نمبر کی ضرورت پڑے گی جو موبائل فون کے باکس پر موجود ہوتا ہے اور اگر نہیں ہے کہ ممکن ہے کہ پولیس آپ کی رپورٹ ہی درج نہ کرے اور اگر آپ رپورٹ درج کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں تو اس کی فوٹو کاپی حاصل کرنا مت بھولیں۔
* فوراً سے پہلے اپنے موبائل فون آپریٹر کی ہیلپ لائن پر کال کریں اور اپنی سم کو بند کروائیں اور اگر آپ نے ایف آئی آر درج کرا رکھی ہے تو اس کی کاپی انہیں فراہم کریں جس پر وہ آپ کے موبائل فون کو ٹریک کر کے اس کی موجودہ جگہ کے بارے میں بتا دیں گے اور اس طرح آپ اپنا موبائل فون ڈھونڈ سکتے ہیں۔