مشہور سوشل ایپلی کیشن واٹس ایپ اب کمپیوٹر پر بھی استعمال کریں
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ اپنے سمارٹ فون پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں؟ اگر ہاں تو اب آپ یہ سروس اپنے کمپیوٹر پر بھی استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ واٹس ایپ نے موبائل فون پر موجود ایپلی کیشن کیلئے انٹرنیٹ براﺅزرز پر ایک ایکسٹینشن جاری کر دی ہے۔
واٹس ایپ کے سی ای او نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موبائل فون پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک ایکسٹینشن متعارف کرائی گئی ہے جو ابتدائی طور پر گوگل کے براﺅزر ”کروم“ پر دستیاب ہے تاہم جلد ہی یہ دوسرے براﺅزرز کیلئے بھی متعارف کرا دی جائے گی۔ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنے کیلئے آپ کے پاس سمارٹ فون کی موجودگی لازمی ہے کیونکہ یہ ایکسٹینشن بنیادی طور پر آپ کے موبائل فون پر آنے والے میسیجز کو کمپیوٹر کی سکرین پر دکھاتی ہے۔ اگر آپ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو گوگل کے براﺅزر ”کروم“ کو کھولیں اور https://web.whatsapp.com ایڈریس ٹائپ کریں۔
آپ کے سامنے واٹس ایپ ایکسٹنیشن کا پیج کھل جائے گا جس پر ایک ”کیو آر کوڈ“ دیا جائے گا۔ اسے اپنے موبائل فون کے ذریعے سکین کریں اور بس آپ کا کام ہو گیا۔ اس کے بعد آپ کے موبائل پر آنے والے میسیجیز نہ صرف آپ کی کمپیوٹر سکرین پر نظر آئیں گے بلکہ آپ کمپیوٹر کے ذریعے ہی میسیجز بھیج بھی سکیں گے۔”واٹس ایپ ویب “ کی سہولت اینڈرائڈ، ونڈوز فون اور بلیک بیری فون پر دستیاب ہے تاہم آئی فون صارفین یہ سہولت استعمال نہیں کر سکیں گے۔