ورلڈ کپ 2015 میں ’نڈر‘ ہو کر کھیلنا ہو گا: معین خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ ٹیم کے انتخاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اس لئے فوقیت دی گئی کیونکہ ہم چاہتے ہیں آسٹریلیااور نیوزی لینڈ کے میدانوں میں ہماری ٹیم نڈر ہو کر کھیلے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب 1992 میں آسٹریلیا میں ورلڈ کپ ہوا تھا تو وہاں 250 رنز بنا کر میچ جیتا جا سکتا تھا مگر اب حالات بدل چکے ہیں اور اب کم از کم 300 رنز بنا کر ہی تسلی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے کیلئے قومی ٹیم کو اب نڈر مگر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔