کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلنا مشکل نہیں ہوگا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ہم پہلے بھی آسٹریلیا کا ٹور کرچکے ہیں اور وہاں ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشن سے واقف ہیں، جہاں جگہ ہوگی، میں وہاں کھیلنے کےلیے دستیاب ہوں گا، محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلنا مشکل نہیں ہوگا۔
صاحبزادہ فرحان 6 کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جو آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔6 نومبر تک جاری رہنے والے کیمپ میں جہانداد خان، عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔کیمپ کے اختتام کے بعد یہ 6 کھلاڑی 3 روز آرام کریں گے اور پھر 10 نومبر کو آسٹریلیا کےلیے روانہ ہوجائیں گے۔آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 14 تا 18 نومبر تک کھیلی جائے گی۔