راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداددہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں عمر ایوب کی بریت کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق اے ٹی سی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جج امجد علی شاہ نے سماعت کی،ملزم عمر ایوب کے وکیل بابراعوان نے درخواست بریت پر دلائل مکمل کرلئے،سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بھی درخواست بریت پر دلائل مکمل کئے۔
سپیشل پراسیکیوٹرظہیرشاہ نے کہاکہ شیخ رشید، شیریں مزاری، امجد نیازی اور عمر تنویر کی درخواست بریت خارج ہو چکی،سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ عمرایوب کو واثق قیوم عباسی، عمر تنویر بٹ کے اقبالی بیان پر نامزد کیا گیا، بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ کے پیش ہونے تک درخواست منظور نہیں کی جا سکتی،پراسیکیوٹر نے کہاکہ اے ٹی سی سرگودھا سے ملزمان کی بریت فیصلے کو چیلنج کیا جا چکا ہے،ہائیکورٹ میں چیلنج فیصلے کی مصدقہ نقول عدالت میں داخل کرائی گئی ہیں۔عدالت نے عمر ایوب کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔