40 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ جاری کیا ، دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار دیں گے: صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ

Dec 03, 2024 | 05:08 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام افراد باہم معذوری کے عالمی دن پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ تھے۔ تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈی جی سکندر ذیشان سمیت محکمے کے افسران بھی شریک تھے۔ تقریب میں برٹش کونسل، ایف سی ڈی او، یو این ایف پی اے، آواز 2 سمیت بین الاقوامی تنظیموں، این جی اوز، اور خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ کی قیادت میں خصوصی افراد کے لیے ہمت کارڈ جیسے منفرد پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔  اب تک 40 ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ جاری کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار افراد کو مستفید کیا جائے گا۔

سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ خصوصی افراد کی گھر گھر تصدیق کے بعد انہیں 10,500 روپے کی امدادی رقم فراہم کی گئی ہے۔ 1 ارب روپے کی گرانٹ سے خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کے منصوبے کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہمت کارڈ کے ذریعے خصوصی افراد میٹرو بس میں مفت سفر کر سکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر کرایوں میں 50 فیصد رعایت دلانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔" دِھی رانی پروگرام" میں اجتماعی شادیوں کے لیے 700 سپیشل بچیوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

 ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب سکندر ذیشان نے کہا کہ افراد باہم معذوری کے حقوق کے تحفظ کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر ہمہ وقت کوشاں ہے۔ صوبائی کونسل CRPD فعال ہو چکی ہے اور خصوصی افراد کی رجسٹریشن آن لائن کر دی گئی ہے۔

تقریب میں افراد باہم معذوری کے حقوق پر مکالمہ ہوا اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ آخر میں این جی اوز اور خصوصی افراد کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

مزیدخبریں