لاہور (ویب ڈیسک) سال 2024 اپنے دامن میں تمام تر رعنائیاں اور تلخ یادیں سمیٹے گزر گیا اور اب سال 2025 کا آغاز ہو چکا ہے، بہت سے لوگ اس بات میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ نئے سال میں انہیں کتنے چاند یا سورج گرہن دیکھنے کو ملیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2025 میں دو سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے، سال کا پہلا سورج گرہن 29 مارچ کو ہوگا جو کہ پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 21 سے 22 ستمبر کو ہوگا یہ بھی پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
اس کے علاوہ رواں سال کا پہلا چاند گرہن 14 مارچ کو ہوگا، پہلا چاند گرہن صبح 8 بجکر 57 منٹ پر شروع ہوگا، پاکستان میں اس وقت دن ہونے کی وجہ سے یہ چاند گرہن پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
سال 2025 کا دوسرا جزوی چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا، یہ چاند گرہن رات 8 بج کر 28 منٹ پر شروع اور ایک بج کر 55 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا، یہ چاند گرہن پاکستان سمیت یورپ، ایشیا اور افریقہ میں دکھائی دے گا۔
زمین پر سورج گرہن اُس وقت ہوتا ہے جب چاند گردش کے دوران سورج اور زمین کے درمیان میں آجاتا ہے، جس کے بعد زمین سے سورج کا کچھ یا پھر پورا حصہ نظر نہیں آتا۔
چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین چاند اور سورج کے درمیان آ جاتی ہے، جس سے چاند پر سورج کی روشنی نہیں پڑتی اور چاند نظر نہیں آتا، چاند گرہن کبھی جزوی اور کبھی مکمل ہوتا ہے، چاند گرہن کا جزوی یا مکمل ہونا اس کی گردش پر منحصر ہے۔