اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )ایپکس کمیٹی اجلاس کی خفیہ کارروائی پر تبصرے کے بارے میں احسن اقبال کھل کر بول پڑے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ایپکس کمیٹی اجلاس سے متعلق بیان پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےرد عمل میں کہا ہے ایپکس کمیٹی اجلاس کی کارروائی خفیہ ہوتی ہے، اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔
"جنگ " کے مطابق صحافی نے احسن اقبال سے استفسار کیا کہ کیا علی امین گنڈاپور نے ایپکس کمیٹی میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا؟
وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ علی امین گنڈاپور ہمارے محترم ہیں ان کی مشکل کا ہمیں احساس ہے، انہیں 2کشتیوں میں چلنا پڑتا ہے۔ایک طرف وزیراعلیٰ، دوسری طرف اپنی پارٹی کو بھی خوش رکھنا ہے، کچھ بیانات سیاسی ہوتے ہیں اور کچھ کام ہوتا ہے جو سرکاری ہوتا ہے، سرکاری اور سیاسی کام کا فرق جان کر جیو۔
صحافی نے استفسار کیا کہ کیا تحریک انصاف کے دونوں مطالبات جائز ہیں؟
اس پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات جائز ہیں یا نہیں فیصلہ مذاکراتی کمیٹی کرے گی۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کی کارروائی خفیہ ہوتی ہے، اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔