اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ ٹی ٹیاں پارٹ ٹو کاانکشاف ہواہے ، سلمان شہباز کی سرپرستی میں مبینہ طور پر چھ جعلی کمپنیاں ہیں اور پانچ کردار ہیں، ان کادامن بھی صاف ہے اور ہمارا خزانہ بھی صاف ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشادبھٹی نے کہاکہ ہسپتال میں نحیف و نزار پرویز مشرف کا بولتے وقت کانپنا دیکھ کر مجھے سورة رحمان کی آیت یاد آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت ہوتاہے کہ ہم پوری دنیا کوکندھوں پر اٹھانے کیلئے تیار ہوتے ہیں اور ایک وقت ہوتاہے کہ ہم ہاتھ نہیں اٹھا سکتے ، پرویز مشرف کی صحت کودیکھ کر لگ رہاہے کہ وہ نہیں سفر کرسکتے اور اس لئے کمیشن کو ان کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے جاناچاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف ازل سے سرخرو لوگ ہیں اور ابد تک رہیں گے ، قطر ی خط لے آئیں تو پھر بھی سرخرو ہیں ، مریم نواز کہہ دیں کہ میر ی لندن میں کوئی جائیدادیں نہیں ہیں تو پھر بھی یہ سرخرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آشیانہ بنا ہی نہیں اور وکیلوں کا بہت کچھ بن گیاہے ، عدالت نے شہباز شریف کوکہا کہ شہبازشریف کا کردار اچھے بچے کاہے ، یہ بات ایسے ہی ہے جیسے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ بلاول کوکیوں رکھ لیاہے وہ تو اپنی ماں کا مشن مکمل کرنے آیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹی ٹیاں سیکنڈل پارٹ ٹو آگیاہے ، سلمان شہباز کی سرپرستی میں مبینہ طور پر چھ جعلی کمپنیاں ہیں اور پانچ کردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود یہ سرخروہیں ، ان کادامن بھی صاف ہے اور ہمارا خزانہ بھی صاف ہے ، قدم بڑھاﺅ میاں صاحب ہم تمہار ے ساتھ ہیں۔