شہریار منور نے جلد شادی کرنے کی تصدیق کردی، دلہن کون ہے؟

Dec 04, 2024 | 10:10 AM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کامیاب ڈرامہ سیریل ”زندگی گلزار ہے“ کے ذریعے لازوال شہرت حاصل کرنے والے شہریار منورنے اس سال کے آخر اور سال نو 2025 کے شروع ہونے سے پہلے شادی کے بندھن میں بندھ جانے کا اعلان کردیا۔

باصلاحیت اداکار نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی کی خبریں شیئر کیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ وہ جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہریار منور نے کہا کہ میری شادی اس سال کے آخر میں دسمبر میں ہو رہی ہے اور میری اہلیہ کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے۔ میں دسمبر کے آخر میں شادی کر رہا ہوں۔

انہوں نے اپنی شادی کے موقع پر تمام مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی ہمارے لیے دعا کریں۔ میں ان تمام مداحوں سے بھی چاہوں گا جو شو دیکھ رہے ہیں آپ ہمارے لیے دعا کریں۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل شہریار منور اداکارہ ماہین صدیقی سے شادی کی خبریں زیر گردش رہی ہیں، تاہم ان خبروں کی تصدیق یا تردید دونوں جانب سے نہیں ہو سکی ۔اگست میں شہریار منور نے ماہین صدیقی کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ’جان‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ اداکار کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر ماہین صدیقی نے سرپرائز برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔

اس سے قبل ایک شو میں جب ماہین صدیقی کے رشتے کے حوالے سے ان سے سوال کیا گیا تھا تو شہریار منور کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں اور وہ خدا کے بھی شکر گزار ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ بھی خوش ہیں۔شہریار منور اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ”اے عشق جنون“ میں نظر آ رہے ہیں۔

مزیدخبریں