کیلے تازہ رکھنے کا آسان طریقہ، 2 ہفتے تک خراب ہونے سے بچائیں

Jan 04, 2025 | 07:46 PM

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)  کیلا سب سے زیادہ خریدے  جانے والے پھلوں میں سے ایک ہے  لیکن زیادہ تر لوگ  اسے غلط طریقے سے ذخیرہ کر رہے ہیں۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ کیلے تازہ رکھنے کے لیے آپ کو صحیح طریقہ اپنانا ہوگا۔ زیادہ تر لوگ کیلے پھلوں کے ٹوکری میں رکھتے ہیں لیکن یہ طریقہ غلط ہے۔ پھلوں کے قریب رکھنے سے کیلے جلدی خراب ہو جاتے ہیں کیونکہ یہ "ایتھائلین گیس" خارج کرتے ہیں، جو پھلوں کو پکانے کا عمل تیز کر دیتی ہے۔

"ڈیلی سٹار "کے مطابق کھانے پکانے کی ماہر سٹیفنی ڈلگاریئن  نے مشورہ دیا ہے کہ کیلے کو فریج میں رکھنا زیادہ مؤثر ہے۔ انہوں نے کہا "اگر آپ چھلکے کے رنگ کو نظر انداز کر سکتے ہیں تو کیلے کو فریج میں رکھ کر دیکھیں۔ چھلکا بھورا یا کالا ہو سکتا ہے، لیکن اندر کا کیلا تازہ اور مزیدار رہے گا۔"

صرف پکے ہوئے کیلے، جن کا چھلکا پیلا ہو، فریج میں رکھیں۔ کچے یا سبز کیلے فریج میں رکھنے سے ان کے پکنے کا عمل رک جائے گا اور ان کا ذائقہ متاثر ہو سکتا ہے۔ کچے کیلے کو دوسرے پھلوں سے دور رکھ کر کچن کاؤنٹر پر ذخیرہ کریں۔ جب وہ پیلے ہو جائیں تو انہیں فریج میں منتقل کریں۔ اگر کیلے کمرے کے درجہ حرارت پر رکھنا چاہتے ہیں تو ان کے ڈنٹھل کو کلنگ فلم میں لپیٹ دیں۔ اس سے ایتھائلین گیس کی پیداوار کم ہو جائے گی اور کیلے 3 سے 4 دن تک  تازہ رہیں گے۔ یہ طریقہ کیلے کی تازگی کو بڑھا سکتا ہے اور انہیں 2 ہفتے تک خراب ہونے سے بچا سکتا ہے۔

مزیدخبریں