عزم و ہمت کے پیکر خصوصی اتھلیٹس آج سے بیجنگ پیرالمپک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے تیار ہیں۔ تیرھویں پیرالمپک سرمائی گیمز 4 مارچ سے بیجنگ میں شروع ہو رہی ہیں۔ ان کھیلوں میں دنیا بھر سے تقریباً 600 خصوصی افراد شرکت کریں گے۔سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ، افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور بیجنگ سرمائی پیرالمپکس کے آغاز کا اعلان کریں گے۔
چین میں خصوصی افراد کے کھیلوں کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ تین مارچ کو چین میں خصوصی افراد کے کھیلوں کی ترقی اور حقوق و مفادات کی ضمانت سے متعلق وائٹ پیپر جاری کیا گیا جس کے مطابق چین میں خصوصی افراد کے کھیلوں کے سلسلے میں تاریخی ترقی ہوئی ہے۔وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ خصوصی افراد کے کھیلوں کا معیار بلند ہورہا ہے اور ان کی کھیلوں کےمقابلوں میں شرکت بڑھ رہی ہے۔ عالمی سطح پر خصوصی افراد کے کھیلوں میں چین نے اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔سال 1984 کے بعد چین نے قومی سطح پر خصوصی افراد کے کھیلوں کے کل گیارہ مقابلے منعقد کیے۔سال 2016 سے 2020 تک چین کی خصوصی افراد کی ٹیمز نے کل 160 عالمی مقابلوں میں حصہ لیا اورسونے کے 1114 تمغےجیتے۔ وائٹ پیپر میں نشاندہی کی گئی ہے کہ خصوصی افراد کی کھیلوں میں شرکت، چین میں انسانی حقوق کی ترقی کے اس عزم و ولولے کی عکاس ہے جو بنی نوع انسان کے مشترکہ اقدار کو بروئے کار لایا اور جس نےمنصفانہ معقول و جامع عالمی انسانی حقوق کے حکمرانی نظام کی تشکیل نیز عالمی امن و ترقی کے لیے چینی افہام و تفہیم فراہم کی ہے۔
چین میں خصوصی افراد کو فعال شہری بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ایک ثمر چینی اتھلیٹ شابویو بھی ہیں۔ یہ معمر اتھلیٹ پیرالمکپ ٹارچ ریلے میں خاصے متحرک دکھائی دئیے۔ دو مارچ کو بیجنگ سرمائی پیرا لمپکس کا شعلہ وصول کرنے کی تقریب دیوار چین پر منعقد ہوئی۔ جس میں کوہ چومو لانگ کی چوٹی پر پہنچنے والے دونوں ٹانگوں سے محروم پہلے چینی اتھلیٹ شابویو بھی شریک تھے۔ وہ اس ریلے کے پہلے مشعل بردار بنے ۔1975 میں، 26 سال کی عمر میں شا بو یو نے پہلی بار کوہ چومو لانگ ما کو سر کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران اپنے ساتھی کی مدد کرتے ہوئے سخت سردی کی وجہ سے وہ اپنی دونوں ٹانگیں گنوا بیٹھے ۔ اس صور ت حال نے نوجوان شابو یو کو شدید مایوس کر دیا ۔ تاہم ایک سال بعدطبی ماہرین سے مشورے کے بعد ان کو بتایا گیا کہ مصنوعی ٹانگیں لگانے کے بعد وہ نہ صرف ایک صحت مند انسان کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں بلکہ دوبارہ پہاڑوں پر بھی چڑھ سکتے ہیں۔اس کے بعد سے 40 سے زیادہ سالوں میں، شا بو یو نے چار بار کوہ چومولانگ ما کو سر کرنے کی کوشش کی ، وہ چار بار ناکام ہوئے مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل کوششیں جاری رکھیں ۔ 2018 میں شابویو نے پانچویں بار مہم جوئی کی اور آخر کار کامیابی کے ساتھ کوہ چومو لانگ ما کی چوٹی پر پہنچ گئے ، وہ مصنوعی ٹانگوں کے ساتھ اس چوٹی کو سر کرنے والے پہلے چینی کوہ پیما بن گئَے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کوہ چومو لانگ ما کو سر کرنے والے دنیا کے معمر ترین خصوصی شخص بھی بن گئے۔ انہوں نے 69 برس کی عمر میں کوہ چومو لانگ ما کو سر کیا۔
بیجنگ سرمائی پیرا لمپکس کے انعقاد کے موقع پر شا بو یو نے امید ظاہر کی کہ چین میں خصوصی افراد کے لئے پیرالمپکس کے انعقاد سے برف کے کھیلوں کی وسیع تر ترقی کو فروغ ملے گا۔"مجھے امید ہے کہ ہر کوئی برف کے کھیلوں میں حصہ لے سکتا ہے۔"
جدید پیرالمپک تحریک کا آغاز سن 1944 میں برطانیہ میں ریڑھ کی ہڈی کے علاج کے ہسپتال میں داخل مریضوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے سے ہوا۔پہلی باقاعدہ سرمائی پیرا لمکپ گیمز1976 میں سویڈن میں منعقد ہوئیں۔بیجنگ پیرالمپک گیمز2022 میں سنو اور آئس کھیلوں کے دو شعبوں میں چھ مقابلے منعقد ہوں گے۔سنو گیمز میں الپائن اسکینگ، کراس کنٹری اسکینگ، بائتھلون اور سنو بورڈنگ کے مقابلے شامل ہیں۔آئس کے مقابلوں میں پیر آئس ہاکی اور وہیل چئیر کرلنگ شامل ہے۔
4 سے 13 مارچ تک جاری رہنے والی ان کھیلوں میں 6 بڑے ایونٹس کے 78 ذیلی ایونٹس میں کانٹے کے مقابلے ہوں گے۔ پیر المپک گیمز اس عزم کی ترجمانی کرتی ہیں کہ ظاہری جسمانی معذوری آگے بڑھنے کے انسانی جذبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
۔
نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
۔
اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیساتھ بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں.