ارباب غلام رحیم بھی پی ٹی آئی سے نالاں، پارٹی قیادت کے سامنے شکووں کے انبار لگا دیئے

Mar 04, 2022 | 11:34 AM

تھرپارکر (ویب ڈیسک)  وزیر اعظم کے معاون خصوصی یار محمد رند کے بعد سابق وزیر اعلی سندھ و وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم کی کشتی بھی ڈگمگانے لگی, مٹھی میں جلسہ عام میں پی ٹی آئی کے رہنما ارباب غلام رحیم نے پی پی پی کے ساتھ پی ٹی آئی پر بھی تنقید کے نشتر چلا دیے اور وفاقی حکومت سے نالاں دکھائی دیے۔

سندھ حقوق مارچ کے جلسے سے خطاب کے دوران ارباب غلام رحیم نے پارٹی کی مرکزی قیادت کے سامنے گلے، شکووں کے انبار لگا دیے۔انہوں نے کہاکہ میں پی ٹی آئی میں آکر مس فٹ ہوگیا ہوں،کام کرنے کو بہت ہیں جو نہیں ہو رہے، اس پر عمران خان سے بات کروں گا۔ تھر میں بڑے عرصے سے وفاقی سرکارکے اعلان کردہ کام ابھی شروع نہیں ہوئے ۔ 14 سال سے میں اپوزیشن میں ہوں، پہلے خورشید شاہ سے رابطہ تھا اب نہیں ۔

 ان کا کہنا تھا کہ سابق ضلع چیئرمین و سابق ایم این اے ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو تو ملازمین کی تنخواہ سے بھی پیسے لیتا تھا، مجھے کہا گیا کہ زرداری کے پاس چلو میں نہیں گیا اور جھکا نہیں ۔ ارباب رحیم نے کہا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو تھر کے لوگوں کی قدر کرنی چاہیے،میں مخدوم شاہ محمود کے کہنے پر پی ٹی آئی میں نہیں گیا، میں نیچے گردن کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والا نہیں ہوں، عمران خان کی حکومت کام کرے،  ڈگری سے گیس تھر کو بھی دی جائے۔

مزیدخبریں